لاہور: سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ عام انتخابات جلد نظر نہیں آ رہے، پرویزالٰہی چار پانچ ماہ نکال سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سالک حسین ، عطا تارڑ اور ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
چوہدری شجاعت نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل مل بیٹھ کر طے کریں گے، پنجاب میں اچھا ہی ہونے جا رہا ہے، پی پی اور ن لیگ عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ دونوں آپشن پر غور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی ن لیگ کے پاس اور بھی آپشن ہوں گے مجھے دونوں جماعتوں نے دو ہی آپشن بتائے ہیں، جن کے پاس عدم اعتمادکے ووٹ پورے نہیں وہ اپنا نمبر پورا کریں گے۔ جس کے پاس ووٹ پورے ہوئے وہ بچ جائے گا۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی اگر فیصلہ کرتے ہیں تو چار پانچ ماہ نکال سکتے ہیں مجھے عام انتخابات جلد نظر نہیں آ رہے ۔ کچھ لوگ اسمبلیاں توڑنے اور کچھ بچانے پر تلے ہیں۔