اسلام آباد: حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے مختلف اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق بازار 8 بجے اور شادی ہال 10 بجے بند کرنے کے علاوہ دیگر کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قمر زمان کائرہ اور مریم اورنگزیب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سیکریٹری پاور، وزیر دفاع سمیت 10 وزرا شامل ہیں۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شادی ہالوں کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے جب کہ ریستوران اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ ان اقدامات سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جب کہ نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ گھروں میں پنکھے اور ائرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے۔ کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 28 ارب ماہانہ بچت ہوگی۔ گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزر کے لیے بچت کے آلات فراہم کریں گی، جس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے 4 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ای بائیکس متعارف کروائی جارہی ہیں، محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی۔ امپورٹ شروع ہو چکی ہے۔ ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہوگی۔