پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل میں بھی تاخیر ہو سکتی ہے، صرف خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر کے پی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے اعلان کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کو 23 دسمبر کو ہی تحلیل کیا جانا ہے تاہم اگر پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے میں تاخیر ہوتی ہے تو کے پی اسمبلی کو بھی تحلیل کرنے میں تاخیر کی جا سکتی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صرف خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کا فائدہ نہیں، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں اکٹھی تحلیل ہوں تو مرکزی حکومت پر دباﺅ آئے گا، حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے اور پنجاب کے حالات کے مطابق ہی یہاں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔