اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی اراکین کوعلیحدہ علیحدہ بلائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسپیکرکو یہ اطمینان کرنا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے۔ ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے۔ اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 30 مئی کو خط لکھا گیا۔ 6 سے 10 جون تک تصدیق کا وقت دیا گیا۔