کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نیا خط لکھے جانے کے بعد شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات ساتویں مرتبہ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندی میں درستگی اور تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم نے خط لکھا ہے،خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی، قانونی نکات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا امکان ہے اور بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔