اسلام آباد:اسپیکرقومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کی اجتماعی استعفے منظورکرنے کی درخواست مسترد کردی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے پی ٹی آئی کے وفد میں شامل سابق اسپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، فہیم خان، عطا اللہ، امجد خان نیازی، طاہر اقبال، زاہد اکرم درانی و دیگر نے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے وفد نے اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے۔ سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہییں۔ استعفوں کے تصدیق کے حوالے سے آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ استعفوں کے لیے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔ پہلے بھی پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفے کی منظوری روکنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر کو مطالبات تحریری طور پر جمع کرادیے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم نے اجتماعی استعفے دیے کہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ ہم نے کسی کی انٹرٹینمنٹ کے لیے استعفے نہیں دیے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے۔