کراچی :جناح انٹرنینشنل ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے فیول پمپ میں فنی خرابی کے باعث جدہ جانے والی پرواز میں 11 گھنٹوں سے زاید تاخیر کا شکار ہوگئی۔
کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 731 منگل کی رات 2 بجے 300 سے زائد مسافروں کو جدہ لے جانے والی تھی۔
پرواز سے کچھ وقت پہلے معمول کی جانچ پڑتال کے دوران طیارے کے فیول پمپ میں خرابی کی نشاندہی ہوئی۔ جس کی وجہ سے پرواز اب 11 گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد دوپہر 2 بجے روانہ ہوگی۔
پرواز کے متاثرہ مسافروں میں اکانومی اور بزنس کلاس کے 330 مسافر شامل ہیں جن میں اکثریت نے احرام کی حالت میں ہیں۔
بزرگ اور خواتین سمیت دیگرمسافر رات سے ایئرپورٹ کے بین الاقوامی لاؤنج میں موجود ہیں جب کہ پرواز کی روانگی میں مسلسل تاخیر کے باعث مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی ہے۔
پرواز میں تاخیر کے حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ مسافروں کو رات میں کھانا اور صبح میں ناشتہ پیش کیا گیا ہے، ہوٹل منتقل کرنے کی پیشکش مسافروں نے قبول نہیں کی۔