وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیئے

لاہور(امت نیوز)وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے۔اسمبلی توڑنے کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں ہوا جس میں مرکزی قیادت نے اسمبلی فوری تحلیل کرنے کی رائے دی۔

اجلاس کے بعد  وزیر اعلیٰ پنجاب کی  عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں اسمبلی توڑنےکا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ  وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں، پنجاب اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر  پنجاب کو  بھجوا دی گئی ہے، گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود تحلیل ہوجائے گی۔

فواد چوہدری نے مسلم لیگ ق، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  نگراں حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ  شہباز کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح سے ہم خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی تحلیل کریں گے، دونوں صوبوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آنا چاہیے، اسپیکرکوبھی کہہ رہے ہیں ہمارے استعفےقبول کریں۔