گذشتہ کئی ہفتوں سے بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز سے کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کا احساس ہے،وزیربحری امور فیصل سبزواری
اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی حکومت نے بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز پر عائد جرمانے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز سے کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کا احساس ہے ۔اس لیے وزارت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ضمن میں بندرگاہوں کو ملنے والی جرمانوں کی رقوم کو معاف کیا جائے۔
ایک ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی کوشش کی جائے گی۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر کے ہی معیشت میں استحکام کی کوشش ہو سکتی ہے، اس ضمن میں وزارت کے حکام کاروباری برادری کے اہم نمائندوں سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر مشاورت کریں گے۔