کراچی(کامرس ڈیسک)ایکسچینج کمپنیز نے ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ خود طے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن (ای کیپ) کے اوپن مارکیٹ ریٹ خود نکالنے کے فیصلے کو ملک بھر کی ایکسچینج کمپنیز نے خوش آئند قرار دے دیا۔
ای کیپ کے مطابق کل ڈالر کی خرید 254 اور قیمت فروخت 257 روپے کے درمیان ہوگی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں سرکاری، انٹر بینک ایکسچینج ریٹ اور بلیک مارکیٹ ریٹ چل رہے تھے۔ای کیپ کے فیصلے کے بعد کل سے ڈالر کا ایکسچینج کمپنی اور بلیک مارکیٹ ریٹ برابر ہو جائے گا۔
ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک محمد بوستان نے بتایا کہ بدھ کو اسٹیٹ بینک حکام کو اعتماد میں لینے کے بعد اس فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کا آغاز ہوجائے گا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کو طلب و رسد کی بنیاد پر مارکیٹ فورسز پر چھوڑدیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی عدم دستیابی سے بلیک مارکیٹ وجود میں آگئی جو روز پروان چڑھ رہی ہے۔ بیرون ملک سفر پر جانے والوں صحت و تعلیم کے لیے جن لوگوں کو ڈالر کی ضرورت ہوتی تھی ان کے لیے ڈالر کا حصول مشکل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ایسے ضرورت مند افراد بھی بلیک مارکیٹ رجوع کرنے لگے نتیجتا مارکیٹ میں گھبراہٹ کی فضاء بڑھتی جارہی تھی جس سے اسٹیٹ بینک اور ایکس چینج کمپنیوں کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
ملک بوستان نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اس ضمن میں گورنر اسٹیٹ بینک کو اعتماد میں لے چکی ہے تاہم تفصیلی معاملات بدھ کو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔