چارسدہ (خصوصی رپورٹ )سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے ہر شخص کی اپنی الگ کہانی ہے، مگر اس سانحے کےملبے سے برآمد ہونے والی دو شہید دوستوں کی کہانی بڑی منفرد ہے ،جنہوں نے اسکول کے دنوں سے آخر وقت اور آخری سانس تک دوستی نبھائی۔
شہید پولیس اہلکار افتخار اور شہید ابن امین پہلی جماعت میں دوست بنے۔ اسکول میں ساتھ بیٹھتے رہے اور میٹرک تک سائے کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد افتخار محکمہ واپڈا میں جبکہ ابن امین پولیس میں بھرتی ہو گیا۔ مگر پھر یوں ہوا کہ دوست سے دوری برداشت نہ کرتے ہوئے افتخار بھی واپڈا کی ملازمت چھوڑ کر پولیس میں بھرتی ہو گیا۔ اور یوں دونوں دوستوں نے زندگی کے آخری لمحے تک ساتھ وقت گزارا اور مسجد میں ایک ساتھ نماز پڑھتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
دونوں شہید دوستوں کی نمازجنازہ چارسدہ میں ان کے آبائی گاؤں امیر آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں عزیزواقارب اور عوام کی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار اور ماحول سوگوار تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس اہلکار شہید افتخار کا ایک بھائی پہلے بھی شہید ہو کر وطن کی مٹی پر اپنی جان نچھاور کر چکا ہے۔