کراچی (رپورٹ:محمد اطہر فاروقی) جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی تاخیر سے آمد کے باعث نظام درہم برہم ہونے لگا۔50 سے زائد ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملہ صبح 10 بجے کے بعد اسپتال پہنچتے ہیں۔ماضی میں صبح ساڑھے8 بجے شروع ہونے والے آپریشن 10 بجے کے بعد شروع کیئے جاتے ہیں ۔وارڈز میں داخل مریض ڈاکٹروں کے آنے اور چیک اپ کرنے کا انتظار کرتے رہتے ہیں ۔طبی عملے کی تاخیر سے او پی ڈی اور آپریشن تھیٹر میں مریض گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے اسپتال جناح میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت طبی عملے کی تاخیر سے آمد پر مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،بیشتر ڈاکٹر بائیومیٹرک تک لگانے سے گریز کرتے ہیں ۔امت کی جانب سے جناح اسپتال میں صبح ساڑھے 8 بجے کے بعد سروے کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اسپتال کی او پی ڈی کے باہر مریضوں کی بڑی تعداد چیک اپ کی منتظر ہے تاہم 9 بجے تک بیشتر ڈاکٹرز اور طبی عملہ پہنچا ہی نہیں ہے۔مریض صبح او پی ڈی کا ٹوکن بنانے کے بعد ڈاکٹرز کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں ۔اسپتال کے مختلف وارڈز کا سروے کیا تو وہاں موجود ایک لیڈی نرس نے بتایا کہ ڈیوٹی شفٹ ابھی تبدیل ہوئی ہے تو ڈاکٹرز آنے والے ہوں گے جبکہ وہاں ایک مریض کے تیماردا ر کے بقول ہمیں رات سے وارڈ میں محض اس لئے رکھا ہوا ہے کہ صبح ساڑھے 8 بجے ڈاکٹر آئیں گے وہ چیک کریں گے جس کے بعد ہمیں چھٹی دی جائے گی تاہم 9 بج چکے ہیں لیکن یہاں اب تک کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے ،اسپتال ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق 50سے زائد ایسے ڈاکٹر ،پیرا میڈیکل اسٹاف اور طبی عملے ہے جو صبح 10 بجے کے بعد آتے ہیں اور ساڑھے 12 بجے کے بعد کام بند کر کے 1بجے تک گھروں کو لوٹ جاتے ہیں ،جس کی وجہ سے وارڈز میں داخل مریض ڈاکٹروں کے آنے اور چیک اپ کرنے کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ ذرائع نے بقول ماضی میں جناح اسپتال میں صبح ساڑھے 8 بجے آپریشن تھیٹر میں آپریشن شروع کیئے جاتے تھے اور 2 بجے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہتا تھا تاہم اب عملے کی تاخیر کی وجہ سے آپریشن کا آغاز صبح 10بجے کے بعد شروع کئے جاتے ہیں جبکہ ساڑھے 12 بجے کے بعد آپریشن کا سلسلہ بند کر دیا جاتا ہے اس طرح محض ایک دن میں چھوٹے آپریشن 2 سے 3 جبکہ بڑا آپریشن محض ایک کیا جاتا ہے۔ اسی بنا پر مریضوں کو آپریشن کے لئے ایک ماہ سے زائد کا وقت دیا جاتا ہے ،اسی طرح او پی ڈی میں بھی مریض ڈاکٹروں کے انتظار میں گھنٹوں رلتے رہتے ہیں ۔اس حوالے سے جناح اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر شاہد رسول سے مؤقف جاننے کے لئے ربطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ تاخیر سے آنے والے اور غیرحاضر ڈاکٹرز اور طبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ مریضوں کا علاج اور ہر قسم کی سہولت فراہم کرنا ہی ہماری ذمہ داری ہے۔