پاکستان آئی ایم ایف کے مذاکرات کا حتمی راؤنڈ،حتمی معاہدہ تاخیر کا شکار

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا حتمی راؤنڈ بھی مکمل ہو گیا ہے، فریقین کے درمیان کم و بیش تمام معاملات طے پا گئے ہیں تاہم اسٹاف لیول معاہدہ رات گئے تک نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ  نویں جائزہ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد آئی ایم ایف کا وفد ممکنہ طور پر آج واپس روانہ ہو جائے گا۔آئی ایم ایف وفد 31 جنوری کو پاکستان آیا تھا جہاں انہوں نے تقریباً 10 روز تک پاکستانی حکام سے تفصیلی مذاکرات کیے۔

نصف شب کو سیکرٹری خزانہ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تقریباً تمام چیزوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، کچھ نکات پر اختلاف ہے اور ان نکات پر فیصلہ کرنا آئی ایم ایف کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔

سیکرٹری وزارت خزانہکے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ پیشگی اقدامات کرنے پر معاہدہ طے پا گیا ہے، آئی ایم ایف نے ایم ای ایف پی کی دستاویز دے دی ہے، بہت جلد اسٹاف لیول معاہدہ طے پانےکی یقین دہانی کرائی گئی ہے،ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے بیرونی ذرائع آمدن کی تصدیق کر لی ہے،امید ہے کہ قرض معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور آئی ایم ایف مشن واشنگٹن سے منظوری کے بعد پاکستان کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے تفصیلی بیان جاری کرے گا۔

یاد رہے کہ قبلازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار میڈیا پر آکر معاہدے کی تفصیلات شیئر کریں گے۔

اس سے پہلے وزیراعظم کو آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی وزیراعظم سے ویڈیو لنک پر بات چیت ہوئی،اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے، وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاملات کی منظوری دے دی ہے۔اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قوم کو اچھی خبر دیں گے اور آج ہی معاملات طے پا جائیں گے۔

۔