لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کر کے حکومت آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر اتر آئی ہے، ہم نے الیکشن کے لیے حکومتوں کی قربانی دی، الیکشن نہ ہوئے تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔
غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھاکہ حکومت کی کوشش ہے عمران خان کو گرفتار کر کے نااہل کیا جائے، جب جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں شروع ہوں گی تو میں اپنی گرفتاری دے دوں گا
انہوں نے کہا کہ جب آئین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو عدالتوں کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوتا، صرف عوام ہی عدالتوں اور اداروں کو مضبوط رکھ سکتے ہیں، مریم اور ان کا سوشل میڈیا عدالتوں پر دباؤ ڈال رہا ہے، مریم نے چیف جسٹس پر جانبدار ہونےکا الزام لگایا اسےکوئی نہیں پوچھ رہا۔
عمران خان کا کہنا تھا جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے دور میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے مان لیا کہ انہوں نے رجیم تبدیل کی، جنرل باجوہ نے حلف کی خلاف ورزی کی، جنرل باجوہ کالز ریکارڈ کرتے تھے انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا، کوئی آرمی چیف اپنے وزیراعظم کا فون کیسے ٹیپ کر سکتا ہے، بطور آرمی چیف ایسا کرنا ایک سنجیدہ جرم ہے۔