راوالپنڈی :وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع ہوئی تو ایسا جواب دیں گے جوعمران خان سوچ بھی نہیں سکتے۔ پی ٹی اۤئی ملک کو سیاسی عدم استحکام کی جانب لےجانا چاہتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کا اعلان کرکے چیئرمین تحریک انصاف بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، جیل میں پی ٹی اۤئی کےعام کارکنوں کو نہیں بلکہ افراتفری پھیلانےوالے بد بخت ٹولے کو ڈالیں گے۔
ضمنی الیکشن میں تاخیر پرانہوں نےکہا کہ ہم الیکشن سےبھاگ نہیں رہے شفاف انتخابات نگراں حکومت میں ہونےچاہئیں، اگر ایسا نہ ہوا تو عمران خان دھاندلی کا شور مچائیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کہہ رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگ رہی ہے، میں کہتا ہوں یہ دیکھو مسلم لیگ (ن) کے ورکرز سے پنڈال بھرا ہوا ہے، یہ سارے الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں اور انشاء اللہ اس مرتبہ راولپنڈی کی دونوں سیٹوں سے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کو بھی ہرائیں گے۔
صدر مملکت پر تنقید کرتےہوئےرانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عارف علوی نے مالیاتی اۤرڈیننس پر دستخط اس لئےنہیں کیے تاکہ اۤئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہو اور ملک کو معاشی نقصان پہنچے۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کا جو صدر بیٹھا ہے اس کی شکل ایسی ہے کہ ابھی خیرات مانگ لے گا۔انہوں نےکہا کہ ن لیگ ملک کو موجودہ بحران سےنکالے گی۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمرانی ٹولہ پچھلے 7 ماہ سے جدوجہد کر رہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے، پاکستان مسلم لیگ (ن) یہ کوشش کر رہی ہے کہ پاکستان ان بحرانوں سے نکللے اور جب بھی وقت آیا مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔