بارکھان واقعہ،عبدالرحمان کھیتران نے بیٹے پر سازش کا الزام لگا دیا

 بیٹے نے خاتون سے بیان ریکارڈ کروایا کیونکہ وہ سردار بننا چاہتا ہے۔عبدالرحمان کھیتران

               
February 22, 2023 · اہم خبریں, قومی
عدالت نے انہیں 2 مئی کو دوبارہ طلب کیا ہے۔ فائل فوٹو

عدالت نے انہیں 2 مئی کو دوبارہ طلب کیا ہے۔ فائل فوٹو

کوئٹہ: بارکھان واقعے پر بلوچستان کے  صوبائی وزیر مواصلات عبدالرحمان کھیتران نے بیٹے پر سازش کا الزام لگا دیا۔

بلوچستان کے وزیرمواصلات عبدالرحمان کھیتران نے بارکھان واقعے پرالزامات رد کرتے ہوئے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگا دیا۔

عبدالرحمان کھیتران نے 3 افراد کے قتل اور نجی جیل کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نجی جیل اور 3 افراد کے قتل کا الزام ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں علاقائی سیاست کے حق سے محروم رکھنے کی مذموم کوشش کی جار ہی ہے، بعض عناصرعلاقے کا امن خراب کرنے کے لیے ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

وزیرمواصلات نے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے خاتون سے بیان ریکارڈ کروایا کیونکہ وہ سردار بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات میں پیشی کے لیے تیار ہوں لیکن استعفیٰ نہیں دوں گا، بدنام کرنے کی سازش کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کروں گا۔