گوجرانوالہ (اُمت نیوز)گوجرانوالہ کے نجی میرج ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جو لیڈر خود باہر نہیں نکل سکتا وہ قوم کی حفاظت کیا کرے گا،
ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہو ، نظام اس وقت تبدیل ہو گا جب لوگوں کے رویے اور اخلاق بھی تبدیل ہو نگے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہربچے کو تعلیم دے ، ہم ملک میں ایک نظام تعلیم دینا چاہتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم عدالتی نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں ہمارا عدالتی نظام یکسر مختلف ہوگا، ہماری حکومت آئی تو چیف جسٹس کے ہاتھ میں قرآن کریم تھمائیں گے، تمام مساجد کو تعلیمی اداروں میں تبدیل اور بنجر زمینوں کو سرسبزوشاداب کریں گے، عوام کا پیسہ جو سکیورٹی اور پروٹوکول پر خرچ ہو رہا ہے ہم اس کلچر کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ملک کی معیشت کو بہتر بناسکتے ہیں لیکن کوئی اور بہتر نہیں کر سکتا ، جرنیلوں اور دیگر پارٹیوں کو کتنے مواقع ملے لیکن سب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے دروازے پر دستک دی، اسد عمر ، شوکت ترین ، حفیظ شیخ ، اسحاق ڈار سب نے آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹایا ، ہم اصل قرض واپس کریں گے اور سود سے معافی مانگیں گے۔
Tags جو لیڈر خود باہر نہیں نکل سکتا وہ قوم کی حفاظت کیا کرے گا سراج الحق