اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان کسٹمز، اقوام متحدہ کی کاؤنٹرنگ ٹیررسٹ ٹریول پروگرام اور اقوام متحدہ کے کنٹری آفس برائے منشیات و جرائم(UNODC)کے تعاون سے مسافروں کی پیشگی معلومات اور مسافروں کے نام کا ریکارڈ (PNR )کا سسٹم گو ٹریول قائم کرنے کے حوالے سے دو روزہ قومی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کر رہا ہے۔ ”گو ٹریول“ سسٹم کے تحت منظم جرائم اور دہشت گردی میں ملوث افراد کی شناخت میں مدد ملے گی۔
ورک شاپ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد نے کی جس میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلی سکینلن ممبر کسٹمز(آپریشنز) مکرم جاہ انصاری،پاکستان میں یواین او ڈی سی کے نمائندے ڈاکٹرجیرمی ملسم یو این سی ٹی ای ڈی کے سینئر لیگل آفیسر جین فلپ مورینج کے ساتھ ساتھ نیشنل ایجنسیز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تیس سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے تمام متعلقہ قومی اداروں کے مابین تعاون اور مشاورت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس مشاورت کے نتیجہ میں ”گو ٹریول“ کا نظام بہتر انداز میں سمجھنے اور مستقبل میں اس طرح کے نظام کو لاگو کرنے میں مدد ملے گی۔
دو روزہ ورکشاپ کا مقصد پاکستان میں اس وقت رائج APIاور PNR سسٹم کے بارے میں ایک جامع مشاورتی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ ورکشاپ سے لیگل، آپریشنل اور تیکنیکی شعبوں میں معاونت کی ضروریات کی نشاندہی بھی کی جا سکے گی۔ ورکشاپ سے ملک میں آپریشنل API اور PNR سسٹم قائم کرنے کی ضرورت اور اس ضمن میں درپیش چیلنجز کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی