اسلام آباد(امت نیوز) تمام گاڑیوں کے مالکان سے رجسٹریشن اور ٹوکن فیس کی ادائیگی کے وقت 500 روپے فیس ریڈیو سبسکریپشن کی مد میں وصول کی تجویز دیدی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلیے تمام گاڑیوں کے مالکان سے رجسٹریشن اور ٹوکن فیس کی ادائیگی کے وقت 500 روپے فیس ریڈیو سبسکریپشن کی مد میں وصول کی تجویز دیدی ہے جبکہ پی بی سی کے تمام ملازمین کو 20 رمضان سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
کمیٹی نے ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر خودمختار ادارہ بنانے کا منصوبہ تیار کرنے کیلیے ایڈیشنل سیکرٹری سہیل علی خان کو پی بی سی کا کوآرڈینیٹر مقررکردیا ہے اور سینیٹر عرفان صدیقی نے پی بی سی کو ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی
یہ تجویز اور ہدایات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے پارلیمنٹ ہاوس میں سینیٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
علاوہ ازیں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد میں مبینہ کرپشن پر مینجمنٹ کمیٹی کو ریکارڈ سمیت آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔