سڈنی(امت نیوز)آسٹریلیا میں ایک شخص نے عام میٹل ڈٹیکٹر کی مدد سے ایک ایسی چٹان ڈھونڈ نکالی ہے جس میں 240 ہزار آسٹریلوی ڈالر مالیت کا سونا موجود تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس شخص کو یہ پتھر وکٹوریہ کے گولڈ فیلڈز سے ملے۔ یہ وہی علاقہ ہے کہ جو 19ویں صدی میں سونے کی تلاش کا مرکز رہ چکا ہے۔
اس پتھر کی مالیت کا اندازہ لگانے اور پھر اسے خریدنے والے ماہر ڈیرن کیمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے 43 سالہ کریئر میں ایسی دریافت نہیں دیکھی۔
ڈیرن کیمپ کے مطابق عموماً لوگ ان کے پاس سونے جیسی دکھائی دینے والی دھاتیں لے کر آتے رہتے ہیں لیکن جب وہ شخص ایک بڑا بیگ لیے ان کی دکان پر پہنچا تو انھیں اندازہ نہیں تھا کہ اس میں سے ایسی چیز بھی برآمد ہو سکتی ہے۔
آسٹریلیا میں اگرچہ اس طرح کی دریافتیں نایاب ہیں لیکن ایک اندازے کے مطابق آسٹریلیا میں دنیا کے سب سے بڑے سونے کے ذخائر ہیں اور وہاں پہلے بھی سونے کے بڑے ڈلے مل چکے ہیں۔