کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، شرح سود مزید ایک فیصد بڑھا دی۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی بینک نے مانیٹری پالیسی سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کردیا۔
پالیسی ریٹ اضافے کے بعد 21 فیصد کی ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔ اس سے قبل 2 مارچ کو 300 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 33 روز کے دورانیے میں شرح سود 4 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے۔
گزشتہ مالی سال کے اختتام پر پالیسی ریٹ 14.75 فیصد رہا تھا۔ رواں مالی سال کے دوران اب تک شرح سود میں 6.25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح 35.4 فیصد رہی،مستقبل قریب میں مہنگائی کی شرح بلند رہے گی۔