کراچی: کروڑوں روپے فنڈ اجرا کےباوجود کورنگی ماڈل پارکس کھنڈربن گئے

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)بلدیہ کورنگی کے فیملی پارکس کروڑوں روپے فنڈز جاری ہونے کے باوجود کھنڈرات میں تبدیل ہیں ، متعدد پارکس کی جالیاں ،دروازے نشے کے عادی افراد نے فروخت کردیں ،نگرانی نہ ہونے سے کورنگی کے ماڈل پارکس بھی تباہی کے دہانے پہنچ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ کورنگی میں پارکس کروڑوں روپے فنڈز وصول کرنے کے بعد بھی کھنڈرات میں تبدیل ہیں ،ذرائع نے بتایا کہ رمضان المبارک میں بھی محکمہ پارکس کو 60لاکھ روپے سے زائد کا فنڈ جاری کیا گیا تھا ،مذکورہ فنڈ پارک میں تزئین و آرائش کے نام پر جاری کیا گیا تھا جو میونسپل کمشنر کی اجازت کے بعد ڈائریکٹر باغات کورنگی وقاص سومرو نے وصول کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بھی جعلی کوڈیشن فائلوں کی مد میں محکمہ باغات نے لاکھوں روپے کی رقم وصول کی لیکن باغات میں کوئی کام نہ ہوسکا۔امت کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کے ایریا کا فیملی پارک مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے لیکن اس پر تزئین و آرائش کی رقم جاری کی جاتی ہے ،اسی طرح زمان ٹاؤن کا مصطفیٰ پارک بھی کھنڈرات میں تبدیل ہے ،بیت المامور کے علاقے کا پارک بھی تباہ ہوگیا ہے ،آئی ایریا کا فیملی پارک بھی تباہ حالی کاشکار ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں اویس شہید پارک میں مرتضیٰ وہاب کی آمد سے قبل یہاں نئے پودے لگائے گئے تھے ،بیٹھنے کے لیئے نئی بینچیں بھی لگائی گئیں تاہم مرتضیٰ وہاب کے جاتے ہی مذکورہ چیزیں ڈی ایم سی کورنگی باغات کا عملہ واپس لے گیا جبکہ ان سامان کی رقم بھی جاری کی گئی تھی۔

یوسی 8کورنگی کا ماڈل پارک جس پر لاکھوں روپے کا فنڈ منظور کیا گیا لیکن کوئی کام نہیں کروایا گیا ،مذکورہ پارک میں تزئین وآرائش کے نام پر ہر سال فنڈ جاری کیا جاتا ہے لیکن کبھی بھی پارک میں کوئی کام نہیں کرویا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر پارکس کی عدم دلچسپی کے باعث پارک مکمل طور پرنشے کے عادی افراد کے حوالے کردیا گیا ہے ،پارک کی تمام جالیاں ،بینچیں اور لائٹس نشے کے عادی افراد نے فروخت کردی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر پارکس کی عدم دلچسپی کے باعث بلدیہ کورنگی میں فیملی پارکس ختم ہوتے جارہے ہیں لیکن ان کا فنڈ باقاعدہ دیا جارہا ہے ،پارکس میں کرپشن کے حوالے سے اینٹی کرپشن نے کئی بار تحقیقات کا آغاز کیا ہے لیکن کارروائی کبھی بھی مکمل نہیں کی گئی ہے ،مذکورہ معاملے پر بلدیہ کورنگی کے اعلیٰ افسران نے ایڈمنسٹریٹر کورنگی شریف خان کو شکایت درج کروادی ہے ،افسران کا کہنا ہے کہ بلدیہ کورنگی کے پاس دن بہ دن تباہی کے دہانے پہنچ رہے ہیں۔

کورنگی میں فیملی پارکس بس کچھ ہی رہ گئے ہیں اس پر بھی مافیا نے کنٹرول کررکھا ہے۔خبر پر موقف کے لیئےے ڈائریکٹر باغات وقاص سومرو سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے اس معاملے پر جواب دینے سے گریز کیا۔