کراچی (امت نیوز) ملک میں جاری سیاسی کشیدہ حالات کے باعث ڈالر بے لگام ہو گیا، انٹر بینک میں آخری چار سیشن کے دوران قیمت 11 روپے 41 پیسے بڑھی، جس سے قرضوں کے حجم میں 1437 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔ دوسری جانب سونے کی قیمت میں 2700 روپے کمی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 290 روپے 22 پیسے پر بند ہوا اور کاروبار کے اختتام تک انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 5 روپے 38 پیسے بڑھا۔ جمعرات کے روز بھی کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ڈالر 295 روپے کا ہوگیا۔ کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوا اور ڈالر مجموعی طور پر 8 روپے 78 پیسے مہنگا ہوکر 299 روپے کا ہوگیا۔
انٹر بینک میں آخری چار سیشن میں ڈالر 11 روپے 41 پیسے مہنگا ہوا ہے اور آخری چار سیشن کے کاروبار کے بعد قرضوں کا حجم 1437 ارب روپے بڑھ گیا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 299 روپے کا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2700 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 37 ہزار 300 روپے ہوگئی۔ 10 گرام سونے کی قیمت 2314 روپے کم ہوکر 2 لاکھ تین ہزار 447 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قیمت 7 ڈالر بڑھ کر 2038 ڈالر فی اونس ہے۔