غلامی سے موت بہتر،خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا، عمران خان

لاہور(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مکمل لندن پلان سامنے آ چکا ہے۔
عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ میری گرفتاری کے بعد جو پُرتشدد واقعات ہوئے انہیں اب بہانہ بنا کر بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا تاکہ مجھے 10 سال تک جیل میں ہی رکھا جا سکے۔
عمران خان کے مطابق اس پلان کے تحت ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر ان کی بے توقیری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکمرانوں نے جج، جیوری اور executioner یعنی سزا پر عملدرآمد والا کردار بھی خود ہی سنبھال لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے باہر جے یو آئی (ف) کا ڈراما کیا جا رہا ہے، اس کا صرف ایک مقصد ہے تاکہ چیف جسٹس آئین کے مطابق فیصلہ نہ دیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا، ان کی غلامی سے موت بہتر ہے۔