کراچی ( امت نیوز )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروباری اتار چڑھاﺅ کے بعد مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس41100پوائنٹس سے گھٹ کر41000پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 13ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اورمندی کے سبب56.79 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41200پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا، تاہم منافع کی خاطر فروخت کے دباﺅ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق سیاسی جماعتوں میں تناﺅ کی وجہ سے منفی قیاس آرائیو ں سے مارکیٹ کو مندی سے دو چار کر رکھا ہے۔
گذشتہ روز کے ایس ای100انڈیکس میں 87.65پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41117.33پوائنٹس سے کم ہو کر41029.68پوائنٹس ہو گیا ، 19.66پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 14595.35پوائنٹس سے گھٹ کر14575.69پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس57پوائنٹس کمی سے 27485.23پوائنٹس سے کم ہو کر27427.73پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 13ارب2کروڑ91لاکھ14ہزار499روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 62کھرب27ارب67کروڑ 63لاکھ94ہزار456روپے سے کم ہو کر62کھرب14ارب 64کروڑ72لاکھ79ہزار 957روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو4ارب روپے مالیت کے12کروڑ53لاکھ44ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو2ارب روپے مالیت کے10کروڑ55لاکھ72ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 324کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے110کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،184میں کمی اور30کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثناءجمعرات کے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ہوئی،گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر1.39روپے کمی سے 287.13روپے کی سطح سے گھٹ کر 285.74روپے کی سطح پر آگئی جبکہ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 309روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔