کراچی:تیزہواؤں کے سبب سمندرمیں کشتی ڈوب گئی،18ماہی گیروں کو بچالیا گیا

کراچی(امت نیوز) تیز ہواؤں کے سبب سمندر میں کشتی ڈوب گئی، 18 ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحلی مقام سے ایک ماہ کے لیے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے والی الودود نامی لانچ کو تیز ہواؤں کے سبب واپسی پر گہرے سمندر حادثہ پیش آیا،جس کی وجہ سے مچھلی سے لدی لانچ الٹ گئی۔

کراچی فشریز کے سیکورٹی انچارج کے مطابق لانچ کو حادثہ(بلوچستان)ہنگول اورچرنا آئی لینڈ کے درمیانی علاقے سپٹ میں پیش آیا۔ لانچ پر سوار 18 ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔ ماہی گیر کام مکمل کرکے کراچی واپسی کے روٹ پر تھےاور انہیں 27 مئی کو فشری پہنچنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گہرے سمندر میں تیز لہروں کی وجہ سے الودود لانچ کا پاٹیا ٹوٹ گیا۔ لانچ 2 ٹکڑے ہو کر گہرے سمندر میں ڈوب گئی۔ ماہی گیر تختوں پر تیرتے رہے۔ اطراف میں شکار کرنے والی الیوسفی لانچ موقع پر پہنچی۔ اس کے علاوہ گہرے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے میں مصروف دوسری لانچوں کے ماہی گیروں نے بھی فوری امداد فراہم کی۔

ماہی گیر اپنے ساتھیوں کی مدد کے تحت جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈوبنے والی لانچ کی مالیت ڈھائی سے 3 کروڑ روپے تھی۔ لانچ میں بڑی مقدار میں مچھلی و جھینگاوغیرہ موجود تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ ،کوسٹ  گارڈز اور میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی  کو آگاہ کردیا گیا تھا۔