کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن جاری، ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ 27 مئی کی صبح تک 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا ہے۔لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 کے ذریعے 327 عازمین حج مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئے۔ لاہور ائر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی ، جنرل مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سید ذوالقرنین مہدی ، ڈسٹرکٹ مینیجر ظہیر الدین، سٹیشن مینجر علی عباس شاہ اور سینئر آفیشلز نے عازمین حج کو رخصت کیا۔ اس موقع پر عازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ملک بھر کے ائر پورٹس خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں پی آئی اے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔
خصوصی حج ٹیمیں پاکستان اور سعودی عرب میں حجاج کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور سے 41 خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے گیارہ ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 22 جون کو مکمل ہو گا جبکہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن سعودی عرب سے حجاج کو واپس لانے کے لیے 2 جولائی سے شروع ہو کر 2 اگست 2023 کو اختتام پذیر ہو گا۔