کراچی(امت نیوز)آئی ایم ایف نے معاہدے کیلئے بہت کڑی شرائط رکھی ہیں معاہدہ ہونا بہت مشکل ہے، وزیر اعظم نے صنعتکاروں کو اشارہ دیدیا۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹڈاپ)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر موتی والا نے آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے سوال پر کہا کہ وزیر اعظم نے بتادیا ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونا تقریباً ناممکن ہے۔ ٹیکسپو نمائش کے حوالے سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹڈاپ)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپوسینٹر میں جاری ٹیکسپو نمائش میں پہلی بار 480 سے زائد مندوبین نے شرکت کرکے ریکارڈ قائم کردیا ہے،
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بھی ٹیکسپو نمائش پر تعریف کی، پہلی بار 160 ممالک سے مندوبین نے شرکت کی جبکہ ٹیکسپو نمائش میں 250 ملین ڈالرز کے معاہدے ہوگئے ہیں اور ٹیکسپو نمائش کے اختتام تک500 ملین ڈالرز کے ایگریمنٹ ہوجانے کی توقع ہے۔ہفتے کو ایکسپوسیینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زبیر موتی والا نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستانی ٹیکسٹائل کی مصنوعات سے کافی مطمئن ہیں، نمائش میں ایک ہزار سے زائد بزنس ٹو بزنس میٹنگ ہوچکی ہیں جبکہ غیر ملکی مندوبین نے پاکستانی مصنوعات کو بھارت سے بہتر قرار دیدیا ہے۔
زبیر موتی والا نے بتایا کہ برازیل، ملائشیا، پولینڈ، یو ایس اے، سعودیہ عرب، ہانگ کانگ، اسپین سے ایگریمنٹ ہوئے ہیں اورٹیکسپو میں روس نے پاکستانی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی ظاہر کردی ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف سے بزنس کمیونٹی کی ملاقات کے حوالے سے زبیر موتی والا نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ایکسپورٹ کی ترقی کیلئے بہت جلد دوسری ملاقات کا کہا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی معیشت کیلئے آئی ایم ایف سے ایگریمنٹ ہونا ضروری ہے، ہم نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے ری فنڈز کو 72 گھنٹے میں کلیئر کریں، وزیر اعظم سے صنعتوں کو دی جانیوالی بجلی کے ٹیرف کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔