پنجاب انتخابات،الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد(اُمت نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست پر سماعت آج پھر ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سوا بارہ بجے سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ کا حصہ ہونگے۔ وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی آج بھی دلائل جاری رکھیں گے جبکہ وفاقی حکومت، نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن جوابات جمع کروا چکے ہیں۔
سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، 14 مئی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا، عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت نے 21 ارب روپے فنڈز فراہم نہیں کیے۔ وفاق اور الیکشن کمیشن پنجاب انتخابات پر سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ کر سکے، 3 مئی کو الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی۔