9 مئی،جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کرنیوالے شرپسندوں کے سرغنہ کی شناخت

لاہور (اُمت نیوز) 9 مئی کو جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کرنیوالے شرپسندوں کے ایک اور سرغنہ کی شناخت ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق شرپسند سر غنہ کا نام میاں عاطف محمود قریشی ، پی ٹی آئی کانائب صدر راولپنڈی اور محلہ قریشیاں صیحام راولپنڈی کا رہائشی ہے ۔
میاں عاطف محمود نے جی ایچ کیو حملے پر بھرپور انداز میں حصہ لیا جو کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے ، شر پسند سرغنہ میاں عاطف نے موقع پر پٹرول بم بنا کر جی ایچ کیو کے مرکزی دروازے کی طرف پھینکے، میاں عاطف نے ریاست مخالف نعرے بازی اور توڑ پھوڑ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔
فوجی املاک پر حملہ کرنے پر میاں عاطف کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور اس کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں نو اور دس مئی کی ہنگامہ آرائی میں پشاور کے ریڈیو پاکستان میں داخل ہوکر قیمتی اشیا چرانے والے شرپسند کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی ٹیپ ریکارڈر، مائیکرو فون، کیبل اور تین مائیکس سمیت دیگر قیمتی سامان برآمد ہوا ہے۔