فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاق المدارس العربیہ کے تحت مدرسین کی تربیتی نشستوں کا آغاز

کراچی: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں مدرسین کی تربیتی نشستوں کا آغاز کردیا گیا۔

میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ چار اور پانچ مئی کو وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ نے تدریب المعلمین کی منظوری دیدیتے ہوئے صوبائی سطح پر پہلے مرحلہ کیلیے تمام صوبائی و ڈویژنل ذمے داران کو نشستوں کیلیے ہدایات جاری کیں،جس کے بعد صوبہ بلوچستان میں منتخب ڈویژن کے تین پروگرام منعقد ہوئے،جس میں تدریب المعلمین کے نگران مولانا امداداللہ یوسف زئی نے خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی ناظم مولانا صلاح الدین ایوبی،رکن عاملہ مولانا عبدالمنان اور مولانا حسین احمد،مولانا عبدالرحیم حسنی سمیت دیگر مسؤلین و منتظمین نے شرکت کی۔

مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے حوالہ سے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں ناظم سندھ ونگران تدریب المعلمین مولانا امداداللہ یوسف زئی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں رکن عاملہ و صوبائی معاون برائے لارکانہ و سکھر ڈویژن مولانا ناصر محمود سومرو،رکن امتحانی کمیٹی مفتی انس عادل،مولانا منظور احمد،مفتی اکرام الرحمن،مولانا عبیدالرحمن چترالی،مولانا قاسم عبداللہ، مولانا محمد زکریا، مولانا اظہار الحق،مولانا محمد شاہد مولانا عبدالجلیل سمیت دیگر ذمہ داران ومنتظمین شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے 7اضلاع میں تربیتی نشستیں جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی اور جامعہ فاروقیہ فیز ٹو میں 13/14 جون بروز منگل اور بدھ کو صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں منعقد ہونگی جس کے مہمان خصوصی ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری ہونگے۔نیز اندرون سندھ کی نشستیں سکھر اور حیدرآباد ڈویژن میں ہونگی۔جبکہ 6/7 جون بروز منگل آزاد کشمیر کے جامعات و مدارس کی دو روزہ ورکشاب دارالعلوم اسلامیہ تعلیم القرآن پلندری میں وفاق المدارس کے مرکزی نائب صدر مولانا سعید یوسف کی صدارت میں منعقد ہوگی۔

اسلام آباد اور شمالی پنجاب کے مدارس و جامعات کے مدرسین کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ جامعہ دارالھدی اسلام آباد میں 7/8 جون بروز بدھ جمعرات کو ہوگی۔مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ ان نشستوں کا وقت پہلے دن صبح دس بجے سے مغرب کے بعد تک ہوگا جبکہ دوسرے دن صبح دس بجے سے ظہر تک کا وقت طے کیا گیا ہے۔م

ولانا امداداللہ یوسف زئی کی نگرانی میں ہونے والی ان تربیتی ورکشاپس میں ہدایات برائے معلمین، نظام و نصاب برائے تربیت معلمین، اہداف و مقاصد تعلیم و تعلم،طریقہ تدریس وتعلیم اور سہہ ماہی وماہانہ مقدار خواندگی کے موضوعات پر قائدین وفاق المدارس اور تعلیمی و تدریسی شعبہ کے ماہرین شخصیات مفصل اظہار خیال کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ دارالعلوم کراچی میں ضلع کورنگی،شرقی،ملیر ون،جنوبی وکیماڑی اضلاع کے متعین مدارس و جامعات کے نظماء تعلیم و منتخب اساتذہ شریک ہونگے۔جبکہ جامعہ فاروقیہ فیز ٹو میں کراچی کے ضلع غربی، وسطی، ملیر گڈاب،کیماڑی و جنوبی کے متعین کردہ نظماء تعلیم و مدرسین شریک ہونگے۔

تدریب المعلمین کے اس پہلے مرحلے میں درجہ رابعہ تک تدریس کے فرائض انجام دینے والے منتخب مدرسین شریک ہونگے۔اس حوالہ سے وفاق المدارس کے مسؤلین جامعات و مدارس کی مشاورت سے حتمی افراد کا انتخاب کریں گے۔مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے مدارس و جامعات کی دو روزہ ورکشاب 17/18 جون بروز ہفتہ اتوار کو جامعہ فاروقیہ شجاع آباد میں ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری کی زیر صدارت اور معاون ناظم پنجاب مولانا زیبر احمد صدیقی کی نگرانی میں منعقد ہوگی،جبکہ تدریب المعلمین کے نگران مولانا امداداللہ یوسف زئی بھی خصوصی شرکت کریں گے۔

تدریب المعلمین کے کامیاب آغاز پر قائدین وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق حقانی،مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے مولانا امداداللہ یوسف زئی اور ان کی نگرانی میں قائم کمیٹی کے اراکین مولانا راحت علی ہاشمی، مولانا حسین احمد،مولانا عبدالستار،مولانا عبدالرزاق زاہد سمیت ذیلی کمیٹی کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاریخ ساز اقدام قرار دیا۔قائدین وفاق نے کہا کہ نئے فضلا کیلیے بھی پندرہ روزہ تربیت کورس وفاق المدارس کے تحت شروع کیا جائے گا۔جس کی باقاعدہ رجسٹریشن وغیرہ کا طریقہ کار اور نظم کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔