سرکاری اسکیم کے تحت 46 ہزار پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد(امت نیوز) سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئےہیں۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزارتک پہنچ گئی، مدینہ منورہ میں 16 ہزار عازمین موجود ہیں۔پاکستان سے مدینہ منورہ کیلئے پروازوں کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے،21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ اتریں گی۔ حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمینِ کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی۔

پرائیویٹ حج اسکیم کے عازمین کی آمد شروع ہو گئی ہے، 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے، 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی؛ نجی حج اسکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنےوالے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش تک پہنچایا گیا۔

حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں دو اسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔