فیصل آباد: طبی عملہ کی غفلت،2خواتین کا غلط آپریشن،ایم ایس معطل

فیصل آباد(امت نیوز) فیصل آباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹر وطبی عملہ نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو خواتین کے غلط آپریشن کر دئیے ڈاکٹروں نے جس خاتون کا ٹانگ کا آپریشن ہونا تھا اسکا پتا نکال دیا اور دوسری جس خاتون کا پتا کا آپریشن کیا جانا تھا اسکی ٹانگ کا آپریشن کردیا، پتہ چلنے پر خواتین کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا جبکہ اس سنگین معاملہ پر اسپتال کے ایم ایس کو معطل کردیا گیا ہے اور ڈاکٹر و دوسرے طبی عملہ کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے ڈی او ہیلتھ کی درخواست پر ڈاکٹر اویس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا. مقدمہ تھانہ غلام محمد آباد میں درج کیا گیا،اقدام قتل سمیت 3 دفعات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دو روز پہلے غلام محمد آباد کے علاقے میں موجود نجی ہسپتال میں دو خواتین داخل ہوئیں دونوں خواتین کا نام کوثر تھا ان میں ایک کوثر نامی ایک خاتون کی ٹانگ کا آپریشن ہونا جبکہ اسی نام کی دوسری خاتون کے پتا کا آپریشن کیا جانا تھا نجی اسپتال کے ڈاکٹر و طبی عملہ نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد بازی میں کوثر نامی دونوں خواتین کے ناموں کی مماثلت کی وجہ سے ایک خاتون کی ٹانگ کی بجائے پتہ اور دوسری خاتون کے پتہ کی بجائے ٹانگ کا غلط آپریشن کرڈالا جس کے باعث دونوں خواتین زندگی بھر کے لیے مفلوج ہوگئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ جس خاتون کے پتے کا آپریشن کی جانا تھا تو آپریشن تھیٹر میں جب اسکی ٹانگ پر طبی عملہ نے نشان وغیرہ لگایا تو وہ ابھی ہوش میں ہی تھی اور اس نے جلدی سے بتایا بھی کہ اسے پتے کا مسئلہ ہے پتے کا آپریشن کروانے آئی ہے لیکن عملہ نے اسکی بات سنی ان سنی کرتے ہوئے اپنا کام جاری رکھا اس دوران خاتون انجکشن کا اثر ہونے پر بہوش ہوگئی اور جب اسے ہوش آئی تو اسکی ٹانگ پر پلستر بندھا ہوا تھا متاثرہ خواتین کے لواحقین نے نجی ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا تاہم ہسپتال انتظامیہ کیخلاف تاحال کوئی عملی کارروائی سامنے نہیں آسکی متاثرہ خواتین مریضوں کے لواحقین نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب،وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ سے نجی ہسپتال انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔