آزاد کشمیر،حلقہ ایل اے 15 میں ضمنی الیکشن آج ہو گا

باغ (اُمت نیوز) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 وسطی میں ضمنی الیکشن آج ہو گا، یہ نشست سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھی۔
باغ کے علاقے میں ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، حلقے کے 101186 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 53108 مرد جبکہ 48038 خواتین شامل ہیں۔
ضمنی الیکشن کیلئے کل 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 29 حساس جبکہ 20 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
سکیورٹی انتظامات کیلئے 2578 پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے 600 جوان بھی تعینات کیے جائیں گے، ووٹ صرف اصل شناختی کارڈ پر پول ہوگا، سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر آج ضلع بھر میں عام تعطیل بھی ہوگی۔