وزیراعظم وہ بنے گا جسے نواز شریف چاہئیں گے،رانا ثناءاللہ

اسلام آباد (امت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان مسلم لیگ ن کو اکثریت ملی تو وزیراعظم وہ بنے گا جسے قائد ن لیگ نواز شریف چاہیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ ن لیگ کو کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرنا چاہیے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے، آپشن ہمیں اوپن رکھنی چاہیے۔ سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف انتخابات سے قبل وطن واپس آئیں گے، واپسی کی تاریخ نواز شریف نے دینی ہے۔ نواز شریف نے انتخابات میں پارٹی کو لیڈ کرنے کی درخواست قبول کرلی ہے۔ نواز شریف عام انتخابات سے 60 سے 90 روز قبل واپس آئیں گے۔