نثار کھوڑو نے جماعت اسلامی کو مافیا قرار دے دیا

کراچی(امت نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو وڈیروں کی جماعت کہنے والی جماعت اسلامی مافیا ہے، 15 جون کے بعد کراچی کی باگ دوڑ ایک جیالے کے ہاتھ میں آئے گی اور کراچی کا میئر اور ڈپٹی میئر پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا۔

ان خیالات کا اظھار انہوں نے اتوار کو کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں بینظیر بھٹو کی سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ جماعت اسلامی تعصب پھیلانے کی بجائے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے کیوں کہ پیپلز پارٹی کراچی میں سب سے بڑی اکثریت حاصل کرنے والی جماعت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تعصب پھیلانا بند کرے اور دوسروں کی عزت کریں گے تو انہیں بھی عزت ملے گی اگر عمران خان کی طرح بدزبانی کرینگے تو جیسے عمران خان کی جماعت ملیا میٹ ہوگئی ویسے آپ بھی ملیا میٹ ہوجاؤ گے،پیپلز پارٹی کے سندھ بھر میں متعدد امیدوار بلدیاتی عہدوں پر بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔نثار کھوڑو نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کی قوت سے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔