جنرل کونسل اجلاس میں ن لیگ کےعہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ فائل فوٹو
جنرل کونسل اجلاس میں ن لیگ کےعہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ فائل فوٹو

شہباز شریف ن لیگ کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد: شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے صدر،مریم نواز شریف سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ کونسل میں ن لیگ کے کئی عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز شریف سینئر نائب صدر، احسن اقبال جنرل سیکریٹری، اسحاق ڈار صدر اوورسیز اور بین الاقوامی امور، مریم اورنگزیب سیکریٹری اطلاعات، عطا تارڑ ڈپٹی سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اوورسیز اور بین الاقوامی امور کے لیے اسحاق ڈار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں یہ تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ (ن) لیگ پنجاب میں بھرپورمنظم ہے پارٹی کے تمام شعبوں کی ضلع سطح پرتنظیم موجود ہے۔

رانا ثنا نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے تمام ڈویژنز کا دورہ کیا اور ہرسطح کےذمہ داروں سے ملاقاتیں کیں، ن لیگ کے امیدواروں کی پنجاب میں پوزیشن مستحکم ہے اور مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنےوالوں کو ہی پارٹی ٹکٹ جاری کیےجائیں گے۔

انہوں نے چئیرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جوکہتا تھا کہ میں بہت پاپولر ہوں آج ملاقاتوں کیلئے بھیک مانگ رہا ہے، اس کے ارد گررہنے والے آج پی ٹی آئی سے اظہارلاتعلقی کررہے ہیں بڑھکیں مارنے والے ایک ہفتہ بھی قید برداشت نہیں کرپائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے ہمارے قائد کو سُرخرو کیا ہے ہم نے تمام مشکلات کوصبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کیا، 9 مئی کے بعد جو حالات ہیں یہ اللہ تعالیٰ کا انصاف ہے۔