میئر کراچی کے الیکشن میں غیرحاضرپی ٹی آئی کے 11 نمائندے پارٹی سے فارغ

کراچی (اُمت نیوز)میئر کراچی کے الیکشن میں غیر حاضر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 نمائندوں کو صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے پارٹی سے نکال دیا۔
حلیم عادل شیخ نے 11 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے نمائندوں کے جواب غیر تسلی بخش قرار دیے ہیں۔

 

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے جمع کروائےگئے جوابات اطمینان بخش نہیں ہیں، تمام جوابات ایک جیسے اور اسٹیریو ٹائپ ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مومن آباد ٹاؤن کے وائس چیئرمین محمد کبیر پر پارٹی کے خلاف سازش کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
نکالے گئے نمائندوں میں 10 یوسی چیئرمین اور ایک وائس چیئرمین شامل ہے۔
جن نمائندوں کو پارٹی سے خارج کیا گیا ہے ان میں مومن آباد کے اسد اللہ ،صلاح الدین، امجد علی، ملیر کے عاصم حیدر اور صدر ٹاؤن کے اسلم خان نیازی اور مورڑو میربحرکے زبیر موسیٰ بھی شامل ہیں، جب کہ خواتین کی مخصوص نشست پر کامیاب صنوبر فرحان کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے سلیمان خان، منگھوپیر کے عزیز اللہ اور لیاری کے عبدالغنی کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔