کراچی(اسٹاف رپورٹر)خسارے میں جانے والی قومی ایئرلائن(پی آئی اے)کی انتظامیہ نے پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں اضافہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق جتنی دیر طیارہ اڑے گا اتنا زیادہ الاؤنس ملےگا، انتظامیہ نے پی آئی اےکے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 35 فیصد تک اضافہ کردیا۔پی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق فلائنگ الاؤنس کے حصول کے لئے کم از کم 50 گھنٹے طیارہ اڑانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور 10 سال کی سروس پر پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 35 فیصد اضافہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 20 سال سروس والے پی آئی اے کے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا، 30 سال تک پی آئی اے میں سروس کرنے والے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 25 فیصد جبکہ 30 سال سے زیادہ سروس دینے والے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 20 فیصد تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کی سفارش پر فلائنگ الانس میں اضافےکی منظوری دی جس کے تحت پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں اضافہ یکم جون سے نافذالعمل ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈیوٹی سے منع کرنے، بغیر وجہ چھٹی پر فلائنگ الاؤنس نہیں ملےگا، 60 گھنٹے فلائنگ پر پی آئی اے کے پائلٹس کو 150 فیصد فی گھنٹے کے حساب سے الاؤنس ملے گا۔
70 گھنٹے فلائنگ کرنے والے پائلٹس کو فی گھنٹہ 200 فیصد کے حساب سے الاؤنس ملےگا، 71 گھنٹے یا اس سے زائد طیارہ اڑانے پر 250 فیصد فی گھنٹہ فلائنگ الاؤنس دیا جائے گا۔اس کے علاوہ پائلٹس کے لیے ڈومیسٹک پروازوں پر فلائنگ الاؤنس 500 روپے فی گھنٹہ اضافے سے750 روپےکردیا گیا۔