مائیکروسکوپ کی مدد سے دیکھا جانے والا نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا ہینڈ بیگ 63 ہزار ڈالر (ایک کروڑ 79 لاکھ 36 ہزار 9 سو 69 پاکستانی روپے) میں فروخت ہو گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق مائیکروسکوپ کی مدد سے دیکھے جانے والے اس ننھے ہینڈ بیگ کی پیمائش صرف 657 x222x700 مائیکرو میٹر ہے، یہ ہینڈ بیگ امریکی ریاست نیویارک کے نامور فن پاروں کے مشہور گروپ مسچف (MISCHF) کی ملکیت تھا جو کہ اپنے فن پاروں کی نیلامی بھی کرتا ہے، اس ہینڈ بیگ کا حجم اتنا کم ہے کہ اس کو سوئی کے سوراخ سے بھی باآسانی گزارا جا سکتا ہے۔ اس بیگ کو بنانے میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے کہ عام طور پر چھوٹے میکانیکل ماڈلز اور ڈھانچے بنانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اس بیگ کو فروخت کرنے کیلئے بولی کا آغاز 15 ہزار ڈالر سے ہوا جو کہ 63 ہزار پر جا تھمی، رپورٹ میں اس بیگ کو خریدنے والے سے متعلق کوئی بھی معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔