کراچی: سعودی عرب سے اربوں ڈالرز کی رقم کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی، سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ سعودی عرب سے پاکستان کو دو ارب ڈالرز مل چکے ہیں ، اس کے بعد سرمایہ کاروں نے کھل کر دلچسپی کا اظہار کیا، اسی دوران تیزی ایک موقع پر600 پوائنٹس کی سطح چھو گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ 570 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 45155.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاورباری روز کے دوران کاروبار میں 1.28 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔ جبکہ 24 کروڑ 81 لاکھ 70 ہزار 894 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔
اسٹاک ایکسچینج میں دن بھر مجموعی طور پر 356کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا،252کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 86 کے شیئرز میں کمی واقع ہوئی۔