سڈنی: آسٹریلیا کے ایک علاقے کے ساحل پر سمندر سے بہہ کر آنے والے بڑے اور پراسرار دھاتی سلنڈر کو دیکھ کر مقامی رہائشی اور پولیس اہلکارعجیب الجھن کے شکار ہوگئے۔
مغربی آسٹریلیا کے علاقے Jurien Bay کے قریب ایک ساحل پر بڑا کاپر کی رنگت کا سلنڈر 16 جولائی کو اچانک نظر آیا جس کے بارے میں مقامی افراد نے پولیس کو رپورٹ کیا۔
اس سلنڈر کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے کافی نقصان پہنچا ہے اور وہ ایک جانب جھکا ہوا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق انہیں نہیں معلوم کہ یہ کیا ہے اور یہ کسی کمرشل طیارے کا حصہ نہیں لگتا، اسی لیے اسے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم مقامی افراد کو یقین دلاتے ہیں کہ اس چیز کے بارے میں جاننے کے لیے متعدد ریاستی اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔
اس سلنڈر کو دیکھنے سے لگتا ہے کہ وہ کسی چیز سے الگ ہوا ہے مگر فی الحال یہ علم نہیں کہ وہ کیا چیز ہو سکتی ہے۔