حملوں کی دھمکی،سندھ میں مندروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی : سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے مندروں پرحملوں کی دھمکی اورضلع کشمورمیں مندر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات پرسندھ بھرکے تمام مندروں پرسیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا،آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے احکامات پرسندھ میں مندروں کی سیکیورٹی کیلئے مختلف رینج،اضلاع کے ڈسپوزل پر400 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا،تمام پولیس اہلکارانتظامی بنیادوں پرسیکیورٹی فرائض انجام دیںگے،مندروں پرتعینات اہلکار دو ماہ کیلئے تعینات کئے جارہے ہیں.

آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ہندو برادری مندروں پرسیکیورٹی اہلکاروں سے ہرممکن تعاون یقینی بنائے، سندھ میں آباد اقلیتی برادری کا تحفظ بھی پولیس کی ذمہ داری ہے،واضح رہے کہ پاکستانی خاتون سیما حیدرکے چار بچوں کے ساتھ اپنے محبوب کے پاس بھارت چلے جانے کے بعد کچے کے ڈاکوؤں نے ویڈیو پیغام جاری کئے تھے جس میں سیما کے واپس نہ آنے کی صورت میں مقامی ہندوؤں کو نشانہ بنانیکی دھمکی دی گئی تھی۔