انتخابی اصلاحات کا مسودہ تیار، آج کمیٹی میں پیش کیا جائیگا،اعظم نذیر

اسلام آباد:  پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے قانون تبدیل کرنے پر اتفاق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر تعلیمی قابلیت کے علاوہ 20 سالہ تجربہ درکار ہو گا، پولنگ ڈے سے 5 روز قبل پولنگ اسٹیشن تبدیل نہیں کیا جا سکے گا، انتخابی اخراجات کیلئے امیدوار پہلے سے زیر استعمال بنک اکاونٹ استعمال کر سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اور قواعد و ضوابط سے متعلق ایجنڈا منگل تک موخر کر دیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کا مسودہ تقریبا حتمی ہو گیا ہے اسے اب تحریری شکل میں لانا ہے، انتخابی اصلاحات وقت سے پہلے منظر عام پر نہ آئیں اس لیے بند کمرے میں میٹنگ رکھی گئی، انتخابی اصلاحات کا مجوزہ مسودہ منگل کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، امید ہے تحریر شدہ مسودے سے متعلق اعلامیہ منگل کو جاری کیا جائے گا، اکا دکا تجاویز کے حوالے سے دیکھا جائے گا کہ وہ آئین سے متصادم تو نہیں ہیں۔