کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے حسین آباد میں پیتھالوجی اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولتیں متعارف کردیں۔ حسین آباد میں الٹرا ساؤنڈ کی سہولت اس علاقے میں ڈاؤ کی ریڈیالوجی کی سہولتوں کا نقطہ آغاز ہے اس سے پہلے ڈاؤ لیب نے ریڈیالوجی کی سہولتیں مین کیمپس اوجھا، ملیر، ایل ای جے کیمپس نزد دارالعلوم امجدیہ اور ناظم آباد انکوائری آفس میں متعارف کرائی ہیں۔ یہ باتیں ڈاؤ ریڈیالوجی کی سربراہ پروفیسر نسرین ناز نے افتتاح کے موقع پر کہیں۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، ڈائریکٹر کمرشل سلیم چوہان، مبین درانی اور ڈاؤ لیب کا دیگر عملہ بھی موجود تھا۔رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے ڈاؤ لیب کے ذریعے رعایتی نرخوں پر پیتھالوجیکل اور ریڈیالوجی کے ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر رہی ہے، نہ صرف کراچی کے درجنوں علاقوں میں بلکہ صوبے کے دیگر شہروں کے علاوہ بلوچستان میں حب اور کوئٹہ میں بھی ہماری شاخیں عوامی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کمرشل سلیم چوہان نے کہا کہ ڈاؤ لیب کی رعایتی سہولتوں میں توسیع کا عمل جاری رہے گا۔ حسین آباد میں کھلنے والی یہ برانچ اسی کا تسلسل ہے۔