خیبرپختونخوا میں جنوبی اضلاع کیلئے آٹھ بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

ڈیرہ اسماعیل خان(امت نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کیلئے آٹھ بڑے ترقیاتی منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا۔ان منصوبوں میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے منسلک کئی سڑکوں ڈیرہ ژوب ترسیلی لائن سب گرڈ سٹیشن اور علاقے کے عوام کو تیل اور قدرتی گیس کی فراہمی کے منصوبوں کی تعمیر شامل ہے۔اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ، انفارمیشن، ٹیکنالوجی، شاہرات اور صنعتوں کے شعبوں میں انقلاب لانے کیلئے معاشی بحالی کا جامع پروگرام تشکیل دیا جارہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اگر خدا نہ نخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو قیامت تک میرے ماتھے پرکالا دھبہ ہوتا اور قبر پر کتبہ لگتا کہ اس کے زمانے میں پاکستان ڈیفالٹ ہوا۔ پندرہ، سولہ ماہ کی قلیل مدت میں ہمیں تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز ورثے میں ملے، جب حلف اٹھایا تو مجھے احساس تھا کہ حالات خراب ہیں لیکن اتنے خراب ہیں اندازہ نہیں تھا، اقتدار سنبھالا تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، ملک بھر میں 3کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کے ساتھ مل کر ایک سو ارب سےزائد فنڈز سیلاب متاثرین کے لیے مختص کیے، بدقسمتی سے آج بھی سیلاب زدگان کا حق ادا نہیں ہوا، ایک طرف سیلاب، دوسری طرف مہنگا تیل، ایک طرف مہنگائی اور آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ جو پچھلی حکومت نے توڑا، تمام مشکلات کے باوجود میں نے ہمت نہیں ہاری۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی سیاست چمکانےکے لیے ریاست کو قربان کرنےکے لیےکوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم سب نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم سیاست قربان کردیں گے، ریاست کوبچائیں گے، ہم اس فیصلے پر ڈٹ گئےکہ ریاست کو بچانا ہے۔