دوران اجلاس اسپیکر نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کی نشست پر بیٹھنے کا کہا، فائل فوٹو
دوران اجلاس اسپیکر نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کی نشست پر بیٹھنے کا کہا، فائل فوٹو

رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب

کراچی: ایم کیو ایم کی رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہو گئیں۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں سوا گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، جس میں صوبائی اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیو ایم کی رعنا انصار کو 69 میں سے 39 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی۔

رعنا انصار کو ایم کیو ایم کے 20، جی ڈی اے کے 10 اور پی ٹی آئی کے 9 منحرف ارکان کی حمایت ملی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارک باد دی۔ دوران اجلاس اسپیکر نے رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کی نشست پر بیٹھنے کا کہا۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس 2 اگست 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ایم کیو ایم کی رعنا انصار کے اپوزیشن لیڈر بننے سے سندھ میں پی ٹی آئی کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں نگراں حکومت کی مشاورت کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ اب صوبائی نگراں حکومت کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں مشاورت ہوگی۔