ایف بی آر نے جولائی میں ہدف سے زائد محصولات جمع کر لیے

اسلام آباد: نئے مالی سال کا خوش آئند آغاز، ایف بی آر نے جولائی 2023 کے ہدف سے زائد محصولات جمع کر لیے۔ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے باوجود ایف بی آر نے کامیابی سے جولائی 2023 کے ہدف سے زائد محصولات جمع کر لیے جو کہ گذشتہ سال اسی مہینے میں جمع کئے جانے والے محصولات کے مقابلہ میں 16.6 فیصد زیادہ ہے۔ 49 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کرنے کے باوجود جولائی 2023 میں 534 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 538 ارب روپے کے خالص محصولات جمع کئے گئے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران جمع کئے جانے والے براہ راست ٹیکسوں میں تیس فیصد کا قابل قدر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گذشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں اس مہینے کے دوران ان لینڈ ریونیو ٹیکسسز کی مد میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ایف بی آر کی ٹیم کو اُمید ہے کہ اس گروتھ پیٹرن کو باقی سال بھر کے دوران برقرار رکھا جاۓ گا۔

ایف بی آر نے ملک کو درپیش اقتصادی دشواریوں کے باوجود اپنا ماہانہ ہدف حاصل کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مالی سال 2023-24 کا بہترین آغاز کیا ہے۔ موجودہ مالی اور اقتصادی بحرانوں کے باوجود ایف بی آر کی کارکردگی اس امر کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ ٹیکس حکام اس سال کے تفویض کردہ ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔