کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تاجروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے فراڈبلوں بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں واپسی اور امن و امان کی بحالی تک اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے۔پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بعد ہمارا کاروبار کرنا ناممکن ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے رابطے ملک گیر سطح پر مکمل ہو چکے ہیں۔جلد دوروزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے۔ تاجر اس کے لئے تیار رہیں،انہوں نے کے الیکٹرک کے فراڈ بلوں کو مسترد کرتے ہوئے اس کی ادائیگی روکنے کا اعلان کیا تاجر رہنماؤں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے ہماری بجلی کاٹنے یا ہمارے خلاف کوئی ایکشن لینے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ کراچی کے تاجروں کے مشترکہ پلیٹ فارم روزگار بچاؤ تحریک کے زیر اہتما آج صدر لیگل چوک میں ایک بڑے مظاہرے سے تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مظاہرے میں اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد، کراچی الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین رضوان عرفان،ٹمبر مارکیٹ کے صدر شرجیل گوپلانی،کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر، موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر احسان گجر، سٹی اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے صدر ایس ایم عالم، گلبہار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے رہنما جاوید قریشی، صدر کوآپریٹو مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اسلم خان اور دیگر شامل تھے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رضوان عرفان نے کہا کہ آج ہمارے وزیراعظم سے مذاکرات ہوئے ہیں اور ہم نے ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھ دیے ہیں جن کی منظوری تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کو کمزور نہ سمجھا جائے۔اسمال ٹریڈرز کی صدر محمود حامد نے کہا کہ تاجر متحد ہو چکے ہیں بہت جلد ہم ملک گیر احتجاج شروع کریں گے اور دو روزہ ہڑتال یا اسلام آباد ٹرین مارچ کا فیصلہ کریں گے۔ شرجیل گوپلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا کے الیکٹرک کے بل جمع نہ کرنے کا فیصلہ حتمی ہے کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو پھر دما دم مست قلندر کے لیے تیار رہے۔تاجر اتحاد تحریک کے صدر عتیق میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر اس وقت موت اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں اگر اب بھی ہم خاموش رہے اور کے الیکٹرک کے ظلم،پیٹرول کی قیمتوں اور امن و امان کی بدترین صورتحال کو برداشت کیا تو ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے ساتھ ظلم کریں گے۔
کوآپریٹو پارکیٹ کے رہنما اسلم خان نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور روزگار بچاؤ تحریک کی ہر کال پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہیں۔ سٹی تاجر اتحاد کے رہنما حماد پونا والا نے کہا کہ تاجروں کو کمزور نہ سمجھا جائے،تاجر ملک کی معیشت کا اہم ستون ہے ان کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔ مظاہرے سے الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما سلیم میمن نا صر ترک، شریف میمن، عبداللہ بٹرا، حاکم خان، بابر بنگش، حنیف میمن،حکیم شاہ،آصف گلفام، سلیم ملک، شعیب خان، اسلم بھٹی، منصور قیس، شیخ ارشاد، معراج احمد،جاوید اختر اوردیگر تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مظاہرے کے دوران تاجروں نے کے الیکٹرک کے خلاف زبردست نعرے بازی کی جس میں کے الیکٹرک مردہ باد، تانبہ چور کے الیکٹرک،کے الیکٹرک کی بھتہ خوری نہ منظور،پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرو، غریب کو جینے دو،کے زبردست نعرے لگائے۔ مظاہرے کے بعد تاجر پُر امن طور پر منتشر ہو گئے۔