جماعت اسلامی کا وفد آج چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا

اسلام آبا د (اُمت نیوز) آئندہ انتخابات پر مشاورت کیلئے جماعت اسلامی کا وفد آج چیف الیکشن کمشنر سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر کی دعوت پر وفد تشکیل دیا، وفد سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم کی سربراہی میں 5 ارکان پر مشتمل ہو گا۔
قیصرشریف کے مطابق وفد میں نائب امراء جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم، میاں محمد اسلم بھی شامل ہیں، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں حلقہ بندیوں، الیکشن شیڈول، انتخابی امور پر گفتگو ہو گی، صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔